29 ستمبر 2016 - 20:09
حویجہ میں عراقی فوج کی کارروائی داعش کے عناصر فرار

عراق کے صوبہ کرکوک کے شہر حویجہ کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کے شروع ہوتے ہی بڑی تعداد میں داعش کے عناصر وہاں سے فرار کر رہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے حویجہ میں پانچ اسٹریٹیجک علاقوں کو خالی کر دیا ہے جبکہ وہ اپنے بعض اڈے چھوڑ کر فرار کر گئے ہیں-
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے گذشتہ مئی کے مہینے میں صوبہ کرکوک آزاد کرانے کی کارروائیوں کا دوسرا مرحلہ شروع کیا تھا جس کے دوران انہوں نے صوبے کے کئی جنوبی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا تھا اور حویجہ کی جانب پیشقدمی کی تھی-
دوسری جانب صوبہ الانبار کے اسٹریٹیجک جزیرے دولاب کو بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے عراقی فوج نے اپنی کارروائی شروع کر د ی ہے- جزیرہ دولاب صوبائی صدر مقام الرمادی کے مغرب میں واقع ہے- جزیرہ دولاب کو آزاد کرانے کی کارروائی کے آپریشنل کمانڈر بریگیڈیر احمد کلیپ نے کہا ہے کہ اس کارروائی میں فوج کا، قبائلی لشکر اور داعش کے خلاف بننے والی جوانوں کی فورس بھی ساتھ دے رہی ہے-
ان کا کہنا تھا کہ عراقی فوج کے ساتویں ڈویژن نے جزیرہ دولاب کو آزاد کرانے کے لئے چار الگ الگ محاذوں سے آپریشن کا آغاز کیا ہے-
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ فوج کی کارروائی شروع ہوتے ہی داعش کے عناصر نے اپنے ٹھکانوں سے پسپائی شروع کر دی ہے- داعش نے گذشتہ دو برسوں سے جزیرہ دولاب بر قبضہ کر رکھا تھا اور اس جزیرے کو داعش کے عناصر اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کو منظم کرنے کے مرکز کے طور پر استعمال کرتے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169